یوم تکبیر پر آئی جی پنجاب کا پیغام

28 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری دن ہے جب ملک نے ایٹمی طاقت بن کر جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن قائم کیا۔

May 28, 2026 · قومی

یومِ تکبیر کی 28 ویں سالگرہ کے موقع پر انسپکٹر جنرل پنجاب راؤ عبدالکریم نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری دن ہے جب ملک نے ایٹمی طاقت بن کر جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن قائم کیا۔

اپنے پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور پنجاب پولیس وطن کی اندرونی سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب پولیس ملک کو دہشت گردی اور جرائم سے پاک رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ضرورت پڑنے پر وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب کے مطابق پنجاب پولیس افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ ملک کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یومِ تکبیر کے موقع پر لاہور سمیت صوبے بھر میں 100 سے زائد ریلیوں اور تقریبات کے لیے خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ صوبے بھر میں 4 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں تاکہ شہری پُرامن ماحول میں یومِ تکبیر کی تقریبات میں شرکت کر سکیں۔