اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام۔مسافروں کی فلائٹس چھوٹ گئیں
ٹریفک بندش نے مسافروں کو پریشان کر دیا، سعد رفیق بھی فلائٹ نہ پکڑ سکے
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام کے باعث ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ متعدد افراد کی پروازیں چھوٹ ہوگئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق صبح سے ہی ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ کئی لینز موجود ہونے کے باوجود صرف ایک لائن میں گاڑیوں کو انتہائی سست رفتاری سے گزرنے دیا جا رہا تھا جس کے باعث ٹریفک کا دباؤ بڑھتا گیا اور لوگ گھنٹوں گاڑیوں میں محصور رہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام سیکورٹی خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اور شناختی کارڈ چیک کر کے روانہ کیا جا رہا تھا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کو اسکردو جانے سے روکنے کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ کی جانب جانے والی ٹریفک محدود یا بند کیا گیا۔ تاہم اس حوالے سے حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق بھی ٹریفک بندش کے باعث بروقت ایئرپورٹ نہ پہنچ سکے اور ان کی اسکردو جانے والی پرواز چھوٹ گئی۔ ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو جا رہے تھے۔
مسافروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو غیر ضروری مشکلات اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔