کالعدم تنظیم کی دہشت گرد شہنازبلوچ کے اہلخانہ کا لاتعلقی کا اعلان
برسوں سے کوئی رابطہ نہیں، شدت پسند سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں۔ خاندان کا موقف
بلوچستان کے شہر تربت سے تعلق رکھنے والی فتنہ الہندوستان کی دہشت گرد شہناز بلوچ سے اہلِ خانہ نے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔
تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خاتون کی والدہ، دادا اور دیگر رشتہ داروں نے بتایا کہ وہ کم عمری میں عمان منتقل ہوگئی تھی اور گزشتہ تقریباً بارہ برس سے خاندان کا اس سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
خاتون کی والدہ کا کہنا تھا کہ اس کے والد کا انتقال اس وقت ہو گیا تھا جب وہ صرف نو ماہ کی تھی۔ خاندان کو کبھی اس بات کی اطلاع نہیں ملی کہ وہ کسی شدت پسند گروہ یا غیر قانونی سرگرمیوں سے وابستہ ہے۔
اہلخانہ کے مطابق ان کا خاتون کے کسی بھی قول، فعل یا مبینہ سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں اور وہ خود کو قانون کا پابند اور ریاستی اداروں کا احترام کرنے والا خاندان قرار دیتے ہیں۔
رشتہ داروں نے کہا کہ ان کے خاندان کو کسی بھی غیر قانونی یا پرتشدد سرگرمی سے منسلک نہ کیا جائے، کیونکہ وہ اس حوالے سے واضح طور پر اپنی لاتعلقی کا اظہار کر چکے ہیں۔