بابو سر ٹاپ پر مسلسل برفباری، ضلعی انتظامیہ کی سفری احتیاطی ہدایت جاری
خاص طور پر شام 6 بجے کے بعد سڑک پر پھسلن اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
ناران: بابو سر ٹاپ پر مسلسل برفباری کے باعث ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے سفری ایڈوائزری جاری کر دی ہے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بابو سر ٹاپ اور گردونواح میں جاری برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے جبکہ بعض مقامات پر سڑک محدود آمدورفت کے لیے کھلی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شدید برفباری کی وجہ سے شام کے اوقات میں سفر مزید دشوار ہو جاتا ہے، خاص طور پر شام 6 بجے کے بعد سڑک پر پھسلن اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ علاقے میں گلیشیئرز سرکنے، چٹانیں گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات بھی موجود ہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ بابو سر ٹاپ کا سفر کرنے سے پہلے موسم اور سڑک کی صورتحال ضرور معلوم کریں اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں۔