ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی
حکومت سے ڈیزل کی قیمت میں مزید کمی کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پر بوجھ کم ہو سکے۔
فیصل آباد: ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اثرات سامنے آتے ہی گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک بھر میں مال برداری کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کر دی ہے۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ایک مثبت اقدام ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں اور عام مہنگائی میں کمی کی توقع ہے، تاہم انہوں نے حکومت سے ڈیزل کی قیمت میں مزید کمی کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پر بوجھ کم ہو سکے۔
کرایوں میں کمی کے بعد مختلف روٹس کے نرخ بھی کم کر دیے گئے ہیں۔ فیصل آباد سے جھنگ کا کرایہ 14 ہزار 400 روپے سے کم ہو کر 13 ہزار 680 روپے ہو گیا، جبکہ فیصل آباد سے لاہور کا کرایہ 20 ہزار 800 روپے سے کم ہو کر 19 ہزار 760 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح فیصل آباد سے ملتان کا کرایہ 21 ہزار 900 روپے سے کم ہو کر 20 ہزار 800 روپے، فیصل آباد سے کراچی کا کرایہ 79 ہزار 800 روپے سے کم ہو کر 73 ہزار 800 روپے اور فیصل آباد سے پشاور کا کرایہ 67 ہزار 500 روپے سے کم ہو کر 64 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ اگر ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی تو اس کے مثبت اثرات معیشت اور کاروباری سرگرمیوں پر مزید واضح ہوں گے۔