مظفرآباد مذاکرات بے نتیجہ۔عوامی ایکشن کمیٹی کا لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار

رانا ثنا اللہ نے مذاکرات جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا،اے پی سی بلانے کا فیصلہ

May 31, 2026 · قومی

مظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکراتی دور کا اختتام ہوگیا، تاہم اہم معاملات پر حتمی اتفاق رائے نہ ہو سکا۔
مذاکرات کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو ہڑتال اور لانگ مارچ کی اپنی اعلان کردہ کال برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مذاکرات ناکام نہیں ہوئے اور فریقین کے درمیان کسی بھی وقت دوبارہ بات چیت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات آئینی تقاضوں کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق حکومتِ آزاد کشمیر نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ 6 یا 7 جون تک ایک اور مذاکراتی نشست متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں آزاد کشمیر میں مہاجرین کی 12 نشستوں کے خاتمے سمیت عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عام انتخابات کے شیڈول کے اجرا کا فیصلہ بھی مذاکراتی عمل کے نتائج سے مشروط ہے۔
مذاکرات میں رانا ثنا اللہ،راجہ پرویزاشرف،احسن اقبال،قمرالزمان کائرہ،وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق اور عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔