114حجاج کرام کو لیکر پہلی حج پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

کراچی کی پہلی حج پرواز جدہ سے 31 مئی کو روانہ ہوگی اورشام 7:25 پر پہنچےگی

May 31, 2026 · قومی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے 30 مئی سے بعد از حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے کی پہلی پرواز پی کے 742 کے ذریعے 114 عازمین حج جدہ سے اسلام آباد پہنچ گئے۔

پرواز کا استقبال اسلام آباد کے چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی نے کیا اور حجاج کو ہار پہنائے۔اس موقع پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اور پی آئی اے کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔

دوسری حج پرواز پی کے 732 جدہ سے روانہ ہوگی اور لاہور پہنچے گی۔ کراچی کی پہلی حج پرواز پی کے 860، جدہ سے 31 مئی کو روانہ ہوگی اور شام 7:25 پر پہنچے گی۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا حج آپریشن 30 مئی سے 30 جون تک جاری رہے گا۔ پی آئی اے جدہ اور مدینہ منورہ سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور کوئٹہ کی پروازیں آپریٹ کرے گا۔

پی آئی اے بعد از حج آپریشن میں کل 213 پروازیں آپریٹ کرے گا جن کے ذریعے سے 53 ہزار سے زائد حجاج کرام وطن واپس پہنچیں گے۔

پی آئی اے نے حجاج کرام کی خدمت کی خاطر تمام اقدامات مکمل کرلئے ہیں اور آپریشن کی نگرانی سی ای او پی آئی اے ازخود کررہے ہیں۔