گلگت بلتستان انتخابات: صدر، وزیراعظم اور وفاقی وزراء کے انتخابی مہم میں داخلے پر پابندی

کسی بھی امیدوار یا سیاسی جماعت کی جانب سے خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی

May 31, 2026 · قومی

گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن نے ضابطۂ اخلاق کے نفاذ کو مزید سخت کرتے ہوئے صدرِ مملکت، وزیراعظم، وفاقی وزراء اور چیئرمین سینیٹ کے انتخابی مہم کے سلسلے میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز کے مطابق انتخابات کے دوران ضابطۂ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی امیدوار یا سیاسی جماعت کی جانب سے خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدوار کو نااہل بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے دفعہ 234 بھی نافذ کر دی ہے، جس کے تحت وفاقی وزراء کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس کے لیے یکساں اہمیت رکھتی ہیں اور سب پر یکساں قوانین لاگو ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق انتخابات کے لیے سکیورٹی پلان مکمل کر لیا گیا ہے، جسے تین مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں امیدوار یا متعلقہ فرد کو گلگت بلتستان سے بے دخل بھی کیا جا سکتا ہے۔