کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ، شہری شدید مشکلات سے دوچار
شہر کے علاقوں اورنگی، کورنگی، لیاری، ماڑی پور اور لائنز ایریا میں بجلی کی بندش سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں
کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔
شہر کے علاقوں اورنگی، کورنگی، لیاری، ماڑی پور اور لائنز ایریا میں بجلی کی بندش سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ اسی طرح قائدآباد، ملیر، منگھوپیر، کیماڑی، سرجانی اور نیو کراچی میں بھی کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
سولجر بازار، ہاکس بے روڈ اور گلشنِ معمار کے رہائشی بھی طویل لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں، جبکہ ملیر اور لانڈھی کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی بار بار بندش نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔
بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے خلاف اورنگی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں نے احتجاج بھی کیا۔ کئی مقامات سے دو سے تین روز تک بجلی بند رہنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک نے 10 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں بجلی کی بندش بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث کی جاتی ہے۔