اسلام آباد میں نئے اوقات نافذ۔مارکیٹس اور مالز رات 8 بجے بند ہوں گے

میڈیکل اسٹورز، اسپتال، پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز پابندی سے مستثنیٰ قرار

June 1, 2026 · قومی

اسلام آباد میں توانائی کے مؤثر استعمال اور کاروباری اوقات کو منظم بنانے کے لیے نئے اوقات کار نافذ کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت آج سے تمام مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل اسٹورز اور اسپتالوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے، جبکہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شادی ہالز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندور رات 10 بجے تک کاروبار جاری رکھ سکیں گے، جبکہ کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل فروشوں اور بیکری شاپس کو بھی رات 10 بجے بند کرنا ہوگا۔
حکام کے مطابق نئے اوقات کار پر عملدرآمد فوری طور پر شروع ہو گیا ہے۔