عید الاضحیٰ پر پشاور کینٹ میں مثالی صفائی آپریشن، 510 ٹن سے زائد آلائشیں اور ویسٹ محفوظ طریقے سے تلف

عید الاضحیٰ سے قبل پورے کینٹ ایریا کو سات مختلف سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا اور ہر سیکٹر کے لیے الگ سپروائزری نظام تشکیل دیا گیا۔

June 1, 2026 · قومی

اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر غفار حیدر کی خصوصی ہدایات اور نگرانی میں کنٹونمنٹ بورڈ پشاور نے عید الاضحیٰ کے موقع پر پشاور کینٹ میں خصوصی صفائی و آلائش آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔ کینٹ ایگزیکٹو آفیسر چودھری بابر حسین کی قیادت میں شروع کیا گیا یہ آپریشن عید کے تیسرے روز تک بلا تعطل جاری رہا، جس کے دوران صفائی ستھرائی اور صحتِ عامہ کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔

عید الاضحیٰ سے قبل پورے کینٹ ایریا کو سات مختلف سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا اور ہر سیکٹر کے لیے الگ سپروائزری نظام تشکیل دیا گیا۔ صفائی عملے کو تمام ضروری آلات اور سامان، جن میں ریڑیاں، بیلچے، جھاڑو، پنجے، چونا اور دیگر ٹولز شامل تھے، فراہم کیے گئے۔ اس کے علاوہ شہریوں میں تقریباً ایک ہزار بایو ڈیگریڈیبل بیگز تقسیم کیے گئے تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اور محفوظ انداز میں جمع کیا جا سکے۔

خصوصی صفائی آپریشن میں تقریباً 250 سینٹری ورکرز، سات سیکٹر سپروائزرز اور ایک کنزروینسی سپروائزر نے حصہ لیا۔ آپریشن ایگزیکٹو آفیسر چودھری بابر حسین کی ہدایات پر انچارج سینیٹیشن محمد نوید کی براہِ راست نگرانی میں جاری رہا جبکہ ایگزیکٹو آفیسر خود بھی مسلسل فیلڈ وزٹس اور مانیٹرنگ کے ذریعے تمام سرگرمیوں کا جائزہ لیتے رہے۔ ان کی مؤثر نگرانی اور رہنمائی نے فیلڈ اسٹاف کا مورال بلند رکھنے اور آپریشن کو کامیابی سے مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

عید کے تینوں دنوں میں مجموعی طور پر تقریباً 30 گاڑیاں صفائی آپریشن میں استعمال کی گئیں۔ عید کے پہلے روز نمازِ عید سے قبل تمام مساجد، عیدگاہوں اور ان کے اطراف میں خصوصی صفائی اور چونے کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ بعد ازاں قربانی کی آلائشیں اور ویسٹ اکٹھا کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔ شدید گرمی اور مسلسل ڈیوٹی کے پیشِ نظر صفائی عملے کے لیے کھانے، ٹھنڈے پانی اور شربت کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا تاکہ عملہ بھرپور جذبے اور توانائی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق عید کے پہلے دن تقریباً 260 ٹن، دوسرے دن 200 ٹن جبکہ تیسرے دن 50 ٹن سے زائد ویسٹ اور آلائشیں اکٹھی کر کے محفوظ طریقے سے ڈمپنگ سائٹ منتقل کی گئیں۔ ڈمپنگ سائٹ پر پہلے سے تیار کردہ ٹرینچز اور بھاری مشینری کی مدد سے آلائشوں کو ماحول دوست طریقہ کار کے تحت ٹھکانے لگایا گیا تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور صحت عامہ کے مسائل سے بچا جا سکے۔

عید کے دوسرے اور تیسرے روز پورے کینٹ ایریا میں سرچنگ، واشنگ، چونے کے چھڑکاؤ اور فیومیگیشن کا عمل بھی جاری رکھا گیا۔ اس دوران موصول ہونے والی تمام شکایات اور عوامی درخواستوں کا فوری ازالہ یقینی بنایا گیا، جس کے باعث صفائی کے انتظامات مؤثر اور تسلی بخش رہے۔

کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کی جانب سے کیے گئے اس مثالی صفائی آپریشن کو کنٹونمنٹ ایریا کے معزز شہریوں، منتخب نمائندوں، سماجی شخصیات اور نوٹیبلز نے بھرپور سراہا۔ مختلف حلقوں کی جانب سے مثبت آراء، تعریفی پیغامات اور ویڈیوز موصول ہوئیں جن میں صفائی انتظامات، عملے کی محنت اور بورڈ کی مؤثر حکمتِ عملی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے مطابق شہریوں کے تعاون اور صفائی عملے کی شب و روز محنت کے باعث عید الاضحیٰ صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا، جو ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مؤثر منصوبہ بندی اور عوامی خدمت کے عزم کا عملی مظہر ہے۔