گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ۔پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، شہری محتاط رہیں

June 2, 2026 · قومی

ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے تر جمان کے مطابق صوبے میں جاری شدید گرمی آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان، 4 جون کی شام اور رات سے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق شدید گرمی کے باعث شمالی اضلاع میں گلیشیئرز اور برف تیزی سے پگھلنے ، بارشوں کے ساتھ پانی کے بہاؤ میں اضافے سے گلوف اور فلیش فلڈز کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
سوات، چترال، کوہستان، دیر اور مانسہرہ کے برفانی وادیوں میں گلیشیائی جھیل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی و پتھروں کے تودے گرنے اور رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ندی نالوں اور دریاؤں میں اچانک طغیانی سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو خطرناک علاقوں میں بروقت وارننگ، انخلا کی مشقیں اور محفوظ مقامات پر ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔