خواجہ آصف کے انکشاف کے بعد لیسکو نیا تنازعہ،ٹرانسفارمر معاملے کا ملبہ مقامی مکینک پر ڈال دیا گیا
ٹرانسفارمر کاپر میں تیار ہونے سے لیسکو کو4 لاکھ 70 ہزار روپے کا نقصان پہنچاہے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی مبینہ رشوت وصولی کی ٹوئیٹ کے بعد لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) خبروں میں ہے اور اب انکشاف ہوا ہے کہ لیسکو سب ڈویژ ن پتوکی رورل نے متعلقہ گائوں میں ٹرانسفارمر کے معاملے میں ایک مقامی مکینک پر ملبہ گرایا اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کروادیا۔
تفصیل کے مطابق تھانہ صدر پتوکی میں اسسٹنٹ منیجر آپریشن لیسکو رورل سب ڈویژن پتوکی کی مدعیت میں درج مقدمے کے متن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈھولن چک نمبر 27 میں شبیر نامی ٹرانسفارمر مکینک نے 200 کے وی اے کا ٹرانسفارمرکسی واپڈاہلکار یا لیسکو کی اجازت کے بغیر اتارا اور خود ہی مرمت کرکے موقع پر رکھ دیا لیکن پتہ چلا کہ ٹرانسفارمر کاپر میں تیار ہونے سے لیسکو کو4 لاکھ 70 ہزار روپے کا نقصان پہنچاہے۔
یادرہے کہ خواجہ آصف نے 80 ہزار روپے بٹورے جانے کا انکشاف کیا تھا لیکن اب لیسکو کا دعویٰ ہے کہ الٹا انہیں تقریباً پونے پانچ لاکھ کا نقصان ہوا۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے صحافی محمد عمیر نے لکھا کہ مکینک کوئی جادوگر بھی لگتا ہے جو سب اکیلا کررہا تھا اور لیسکو والے کو خبر نہ ہوئی،دیہاڑی لیسکو والوں نے لگائی ہے پرچہ عام مکینک پر ہوگیا جس نے اپنی مزدوری کے پیسے لیے کوئی دو نمبری نہیں کی۔ گرڈ سے سپلائی بند کئیے بغیر ٹرانفسارمر کیسے اترا؟ اندھیر نگری چوپٹ راج کی بہترین مثال ہے۔