کراچی یونیورسٹی میں کئی ہفتے سے جاری اساتذہ کا بائیکاٹ ختم نہ ہوسکا
سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ، سیکریٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور جامعہ کراچی کی مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی اس کے رکن ہوں گے۔
کراچی: سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعہ کراچی کے تدریسی اور غیر تدریسی ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یکم جون 2026 کو چیئرپرسن سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر میں کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی، ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملازمین کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے نتیجے میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی چیئرپرسن سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کریں گے، جبکہ سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ، سیکریٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور جامعہ کراچی کی مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی اس کے رکن ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل اور شکایات کا جائزہ لے گی، متعلقہ قواعد، پالیسیوں، مالی اثرات اور انتظامی امور کا تفصیلی مطالعہ کرے گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔
کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 40 روز کے اندر اپنی سفارشات حتمی شکل دے کر پیش کرے۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں امتحانات کے نظرثانی شدہ شیڈول سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سیکریٹری ڈاکٹر نعمان احسن کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن کی نقول وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ اور متعلقہ حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔