وفاقی بجٹ پر حکومت۔ پیپلز پارٹی مذاکرات بے نتیجہ
ایم کیو ایم کی شرط اور پیپلز پارٹی کے تحفظات، بجٹ بحران جاری
اسلام آباد میں وفاقی بجٹ سے متعلق پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے وزارت خزانہ میں حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے شکایت کی کہ انہیں بجٹ کی تیاری کے دوران اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ اسی معاملے پر دونوں فریقین کے درمیان ہونے والا اجلاس بھی کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نہ تو کوئی آئینی ترمیم زیر بحث آئی اور نہ ہی قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں کسی تبدیلی پر بات چیت ہوئی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے تحفظات بدستور برقرار ہیں اور دونوں فریقین کا اجلاس آج دوبارہ متوقع ہے۔
اس سے قبل 5 جون کو ہونے والا بجٹ اجلاس بھی مؤخر کردیا گیا تھا، جبکہ نئی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق حکومت بجٹ کی منظوری سے قبل اہم قانون سازی چاہتی ہے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے بھی کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کو بجٹ کی منظوری سے مشروط کیا ہے۔