کوئٹہ میں پیٹرول بحران شدت اختیار کر گیا، پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں
سپلائی بحال ہونے کے بعد صورتحال کو معمول پر آنے میں تقریباً دو روز لگ سکتے ہیں۔پیٹرولیم ڈیلرز
کوئٹہ: شہر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت برقرار رہنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ متعدد پیٹرول پمپس بند ہونے سے کھلے اسٹیشنوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایندھن کی محدود دستیابی کے باعث انہیں گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ بعض مقامات پر انتظار کے باوجود پیٹرول حاصل نہیں ہو رہا۔ عوام نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق موجودہ قلت کی ایک بڑی وجہ عید کی تعطیلات کے دوران سپلائی چین میں تاخیر ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف ڈپوز سے پیٹرول اور ڈیزل کی ترسیل شروع ہو چکی ہے اور ایندھن کی وافر مقدار لوڈ کی جا رہی ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز کے مطابق سپلائی بحال ہونے کے بعد صورتحال کو معمول پر آنے میں تقریباً دو روز لگ سکتے ہیں۔
ادھر ضلعی انتظامیہ نے صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے اور شہر بھر کے پیٹرول پمپس کی مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کے مطابق رجسٹرڈ پیٹرول پمپس کو ایندھن کی فراہمی جاری ہے اور کسی بھی پمپ کی بلاجواز بندش برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایندھن کی فراہمی کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔