انمول عرف پنکی کے مبینہ سہولت کاروں کے مالیاتی ریکارڈ عدالت میں جمع

تفتیش کے دوران بعض بینک اور ڈیجیٹل مالیاتی اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کی گئی ہیں، جن کے ذریعے مبینہ طور پر رقوم کی منتقلی کی جاتی رہی۔

June 3, 2026 · قومی

کراچی: سٹی کورٹ کراچی میں منشیات سے متعلق ایک مقدمے کی سماعت کے دوران پولیس نے ملزمہ انمول عرف پنکی اور اس کے مبینہ سہولت کاروں کے مالیاتی ریکارڈ سے متعلق اہم تفصیلات عدالت میں جمع کرا دی ہیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق تفتیش کے دوران بعض بینک اور ڈیجیٹل مالیاتی اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کی گئی ہیں، جن کے ذریعے مبینہ طور پر رقوم کی منتقلی کی جاتی رہی۔

پولیس کا مؤقف ہے کہ انمول عرف پنکی کے مبینہ سہولت کار ذیشان الرحمان اور سہیل الرحمان مختلف مالیاتی اداروں میں متعدد اکاؤنٹس استعمال کرتے رہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان اکاؤنٹس کے ذریعے منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقوم کی لین دین کی جاتی تھی۔

عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق متعلقہ اکاؤنٹس کی تفصیلات، مالیاتی لین دین کا ریکارڈ اور رقوم منتقل کرنے والے بعض افراد کا ڈیٹا بھی شامل کیا گیا ہے۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش کے دوران حاصل ہونے والے شواہد کی روشنی میں مالیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ مقدمے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

عدالت نے پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔