سوات: غیر قانونی مقیم افغانوں کیخلاف کریک ڈاؤن،مزید 30 دکانیں سیل
مجموعی تعداد 80 تک پہنچ گئی،غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ایک ہفتے کی مہلت
فائل فوٹو
سوات : سوات میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن دوسرے روز بھی جاری رہا، جس کے دوران مزید 30 سے زائد دکانوں کو سیل کر دیا گیا، جبکہ اب تک سیل کی گئ دکانوں کی مجموعی تعداد80 تک پہنچ گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائی نشاط چوک اور چائنا مارکیٹ کے علاقوں میں کی گئی، جہاں زیادہ تر کپڑے کے کاروبار سے وابستہ دکانیں شامل ہیں۔ آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی ارحم مختار اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شیراز احمد نے کی۔
انتظامیہ کے مطابق رات کے وقت بھی کارروائیاں جاری رہیں، جن میں پہلے مرحلے میں تقریباً 50 دکانیں سیل کی گئی تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید نشاندہی بھی کی جا رہی ہے اور یہ کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس چلے جائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے گرفتاری اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔