زیارت اغواء کیس میں اہم پیش رفت،تین مغوی بازیاب
ملزمان نے پولیس افسر مسعود خان پانیزئی سمیت اشرف خان پانیزئی اور جاوید پانیزئی کو اغواء کر لیا تھا۔
بلوچستان کے ضلع زیارت کے قریب مانگی کے علاقے سے دو ہفتے قبل اغواء کیے گئے چار افراد میں سے تین کو بازیاب کرا لیا گیا ہے، جبکہ ایک شخص اب بھی لاپتہ ہے۔
پولیس حکام کے مطابق 21 مئی کو ہرنائی روڈ پر مانگی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے سے بھرے پانچ ٹرکوں کو نذر آتش کر دیا تھا۔ اسی دوران ملزمان نے پولیس افسر مسعود خان پانیزئی سمیت اشرف خان پانیزئی اور جاوید پانیزئی کو اغواء کر لیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک اور شخص، ملک شین گل ترین، کو بھی ناکس کے علاقے سے اسلحے کے زور پر اپنے ساتھ لے جایا گیا تھا۔
ایس پی زیارت کے مطابق اغواء کیے گئے تین افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے، تاہم ملک شین گل ترین تاحال لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔