مری میں پتریاٹہ کیبل کار سروس عارضی طور پر معطل
پتریاٹہ کی چیئر لفٹ سروس معمول کے مطابق جاری ہے اور سیاح اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔
مری میں سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پتریاٹہ کیبل کار سروس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ کیبل کار کے اہم حفاظتی نظام کی اپ گریڈیشن کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
محکمہ سیاحت کے مطابق کیبل کار کی آئرن روپ تبدیل کرنے کے لیے سروس کو وقتی طور پر معطل کیا گیا ہے، جبکہ پتریاٹہ کی چیئر لفٹ سروس معمول کے مطابق جاری ہے اور سیاح اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آسٹریا سے آنے والے ماہرین نے معائنے کے بعد آئرن روپ کی تبدیلی کی سفارش کی تھی، جس کے بعد نئی روپ کا آرڈر دے دیا گیا ہے۔ بیرون ملک سے سامان کی فراہمی میں موجودہ حالات کے باعث ایک سے ڈیڑھ ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نارتھ کے مطابق سیاحوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور تمام ضروری اقدامات مکمل ہونے کے بعد کیبل کار سروس دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مری میں سیاحتی سہولیات کو جدید بنانے کے لیے متعدد نئے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جن میں جدید سفاری ٹرین، الیکٹرک کارٹس، گلاس واک وے برج، نئی چیئر لفٹس، پیراگلائیڈنگ کلب اور جدید طرز کا ٹورسٹ ریزارٹ شامل ہیں۔