پاکستان ماحولیاتی تنزلی کی انسانی۔معاشی قیمت ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم

اجتماعی عزم اور تعاون ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کا واحد حل ہے۔وزیراعظم کا پیغام

June 5, 2026 · قومی

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی برادری کے ساتھ ہم آواز ہو کر کرہ ارض کے تحفظ کے لیے اپنے بھرپور عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں سر فہرست ہے جو عالمی سطح پر ماحولیاتی مضر اثرات میں نہایت کم حصہ ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، پاکستان ماحولیاتی تنزلی کی انسانی اور معاشی قیمت ادا کر رہا ہے،انفرادی، حکومتی اور عالمی سطح پر اجتماعی عزم اور تعاون ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کا واحد حل ہے۔

عالمی یوم ماحولیات پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اقوام عالم کی مشترکہ کاوشوں اور موثر باہمی تعاون سے ہی ماحول دوست مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے،اس سال کا موضوع ’’موسمیاتی اقدامات‘‘ اس حقیقت کی موثر یاددہانی ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے بین الاقوامی عملی تعاون ناگزیر ہے، موسمیاتی تبدیلی کی صورت میں کرہ ارض پر بڑھتے ہوئے ماحولیاتی خطرات مسائل کی واضح نشاندہی کر رہے ہیں، یہ عالمی سطح کے اقدامات پر مبنی جامع حکمت عملی کے متقاضی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب، طویل خشک سالی، شدید گرمی کی لہریں، گلیشیئرز کا پگھلائو، پانی کی قلت اور فضائی آلودگی اس امر کا ثبوت ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی محض خدشات نہیں بلکہ ایک تلخ حقیقت ہے جو دنیا بھر میں لاکھوں افراد کی زندگیوں کو متاثر کر رہی ہے۔