پنجگور میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک
کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں تین اور چارجون کو سکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی میں چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق ’خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی اس کارروائی میں انڈیا سے منسلک گروہ ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق ’اس کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے علاقے میں مختلف کارروائیوں میں ملوث رہے تھے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم اور ایک گاڑی بھی برآمد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان کے مطابق ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔