انمول پنکی کو لاہور منتقل کرنے کی اجازت مل گئی

انمول عرف پنکی کے خلاف لاہور میں مجموعی طور پر 5 مقدمات درج ہیں، جن کی پولیس کو مزید تفتیش درکار ہے ،پولیس ذرائع

June 5, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: انمول عرف پنکی کے خلاف لاہور میں درج مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، لاہور پولیس نے سیشن کورٹ سے ملزمہ کی تفتیش کے لیے لاہور منتقلی کی اجازت حاصل کرلی ہے جب کہ مختلف پولیس ٹیموں کی کراچی روانگی بھی متوقع ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہور پولیس نے انمول عرف پنکی کو لاہور منتقل کر کے تفتیش کرنے کے لیے وزارتِ داخلہ اور متعلقہ عدالت سے چند روز قبل رجوع کیا تھا، جس کے بعد سیشن کورٹ سے مطلوبہ اجازت حاصل کر لی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف لاہور میں مجموعی طور پر 5 مقدمات درج ہیں، جن کی پولیس کو مزید تفتیش درکار ہے۔ اس سلسلے میں اقبال ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور سول لائنز ڈویژن کی پولیس ٹیمیں جلد کراچی روانہ ہوں گی۔

لیس ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کراچی کی متعلقہ عدالت سے قانونی اجازت حاصل کرنے کے بعد ملزمہ کو لاہور منتقل کرے گی۔ اس کے علاوہ عدالت سے مقدمات کی تفتیش اور مزید قانونی کارروائی کے لیے بھی باقاعدہ اجازت طلب کی جائے گی۔

دوسری جانب سیشن عدالت جنوبی کراچی میں انمول عرف پنکی کے خلاف گارڈن تھانے میں درج منشیات کے مقدمے کے حوالے سے مبینہ سہولت کاروں کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے مقدمے کا چالان پیش نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ہفتے لازمی طور پر چالان پیش کرنے کا حکم دیا اور درخواست ضمانت پر فیصلہ آئندہ ہفتے تک مؤخر کر دیا۔