گلگت بلتستان میں انتخابی مہم ختم۔ پولنگ کل ہوگی

24 نشستوں کیلئے 403 امیدوار میدان میں ہیں۔ سخت سکیورٹی انتظامات مکمل

June 6, 2026 · قومی

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے جاری انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا ہے، اور رات 12 بجے کے بعد انتخابی سرگرمیاں چلانے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 403 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ پولنگ 7 جون کو ہوگی۔
انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت مقامی پولیس اور گلگت بلتستان اسکاوٹس کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
الیکشن میں 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مجموعی طور پر 396 مرد اور 8 خواتین امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 23، مسلم لیگ (ن) کے 22، استحکام پاکستان پارٹی کے 15، پاکستان مسلم لیگ کے 11 اور جے یو آئی (ف) کے 9 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کے 7، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6، 6 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ 266 آزاد امیدوار بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔