گلگت میں گلیشیئر پگھلاؤ کے باعث ممکنہ سیلاب کا خدشہ۔ الرٹ جاری

ہسپر میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند، راستے بند

June 6, 2026 · قومی

ضلع نگر کے آخری گاؤں ہسپر میں گلیشیر کے تیز رفتار پگھلاؤ کے باعث دریائی کٹاؤ اور لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق نگر خاص چوک سے آگے کے راستے بند ہو گئے ہیں جس کے باعث آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ ہسپر اور ہوپر گلیشیر کے پگھلنے سے دریا کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

این ڈی ایم اے نے پہلے ہی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تھا۔ ترجمان کے مطابق ادارہ تمام حالات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور متعلقہ انتظامیہ کو فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے دریا کے کنارے آباد علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے گروجگلوٹ، رحیم آباد، نومل، جوتل، جگلوٹ کالونی اور چلمش کے مکینوں سمیت مسافروں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے۔