آج سے 12جون تک ملک بھر میں ہیٹ ویو کا خدشہ۔الرٹ جاری

کل سے کراچی میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی۔درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری تک رہنے کا امکان

June 7, 2026 · قومی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے 7 سے 12 جون کے دوران وارننگ جاری کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ملک کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کے اثرات شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ 8 سے 12 جون تک کراچی میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران کراچی میں درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
ادارے کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی پارہ 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی شدید گرمی متوقع ہے، جہاں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔