وفاقی بجٹ پر حکومت۔ پیپلز پارٹی میں آج اہم مشاورت کا امکان
صوبوں کے 1700 ارب روپے کے مطالبات پر غور جاری ہے
وفاقی بجٹ کے حوالے سے حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اہم مشاورت آج ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطحی وفد حکومتی ٹیم سے ملاقات کرے گا۔ اس سے قبل صدر زرداری پارٹی کی مذاکراتی ٹیم سے الگ اجلاس کریں گے جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، نوید قمر اور شیری رحمان شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے داخلی اجلاس کے بعد حکومتی وفد سے ملاقات کا حتمی وقت طے کیا جائے گا۔ اس دوران صوبوں کی جانب سے مرکز سے 1700 ارب روپے کے فنڈز سے متعلق مطالبات پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بجٹ کے حوالے سے ایک بنیادی عدد پر بات چیت جاری ہے، اور جب تک اس مالی ہدف کے مطابق وسائل کا انتظام نہیں ہوتا، بجٹ کی تیاری میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات کسی مثبت نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔