چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا پولنگ اسٹیشنز کا دورہ۔انتظامات پر اطمینان

گلگت بلتستان میں انتخابی عمل جاری، چیف الیکشن کمشنر نے صورتحال کا جائزہ لیا

June 7, 2026 · قومی

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے آج عام انتخابات 2026 کے موقع پر گلگت شہر کے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا اور انتخابی عمل، سکیورٹی انتظامات اور مجموعی ماحول کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر پروانشل الیکشن کمشنر عابد رضا، ڈپٹی کمشنر گلگت عارف احمد، ایس پی گلگت اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف الیکشن کمشنر نے پولنگ عملے، سکیورٹی اہلکاروں اور انتظامی افسران سے ملاقات کی اور انہیں اپنی ذمہ داریاں غیر جانبداری، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر موجود مختلف امیدواروں کی جانب سے منتخب ایجنٹس سے بھی ملے اور انہوں نے پُرامن اور بہترین انتظامات پر الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے گلگت سیف سٹی کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں شہر بھر میں قائم پولنگ سٹیشنز کی نگرانی، سکیورٹی انتظامات اور انتخابی عمل کے لیے کیے گئے خصوصی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر آئی جی پی ڈاکٹر ناصر اکبر خان و دیگر افسران بھی موجود تھے ،متعلقہ حکام نے جدید مانیٹرنگ سسٹم اور سکیورٹی میکانزم کے ذریعے انتخابی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی بارے آگاہ کیا۔
راجہ شہباز خان نے مجموعی انتخابی اور سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن آزاد، منصفانہ، پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں اور پرامن ماحول کے قیام میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔