پاکستانی حجاج کی واپسی کا سلسلہ جاری، ہزاروں عازمین وطن واپس پہنچ گئے
حج آپریشن میں خدمات انجام دینے والے 250 خدام الحجاج اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آ چکے ہیں۔
پاکستانی حجاج کی واپسی کا سلسلہ جاری، ہزاروں عازمین وطن پہنچ گئے
اسلام آباد: حج 2026 کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ حکام کے مطابق اب تک 34 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج وطن پہنچ چکے ہیں جبکہ 84 ہزار 791 حجاج ابھی سعودی عرب میں موجود ہیں جن کی مرحلہ وار واپسی جاری رہے گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف بھی آج وطن واپس پہنچیں گے۔ اس کے علاوہ حج آپریشن میں خدمات انجام دینے والے 250 خدام الحجاج اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آ چکے ہیں۔
حجاج کی سہولت اور ہوائی اڈوں پر غیر ضروری رش سے بچنے کے لیے رہائشی مراکز پر سامان کی پیشگی بورڈنگ (سٹی چیک اِن) کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ حجاج کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ شیڈول کے مطابق اپنا سامان تیار رکھیں تاکہ واپسی کے عمل میں آسانی پیدا ہو۔
وزارت کے مطابق روانگی سے 24 سے 48 گھنٹے قبل سامان کی بورڈنگ مکمل کی جا رہی ہے جبکہ پوسٹ حج آپریشن کے تحت 15 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج ریاض الجنہ کی سعادت بھی حاصل کر چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حجاج کرام کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔