راولپنڈی:ستھرا پنجاب پروگرام کی گاڑی آگ لگنے سے مکمل تباہ

واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گاڑی کو شدید مالی نقصان پہنچا ہے۔

June 7, 2026 · قومی

 راولپنڈی: وارث خان کے علاقے مری روڈ پر ستھرا پنجاب پروگرام کی کچرا اٹھانے والی گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گاڑی کچرا لے کر لیاقت باغ ٹرانسفر اسٹیشن کی طرف جا رہی تھی کہ دورانِ سفر اس میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔

حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گاڑی کو شدید مالی نقصان پہنچا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت استعمال ہونے والی گاڑیوں میں آگ لگنے کا یہ پانچواں واقعہ ہے، جس پر متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔