راولا کوٹ میں کریک ڈاؤن۔جھڑپ میں 12 افراد زخمی۔متعدد شر پسند زیر حراست

زخمی افراد کو فوری طور پر سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع نے12 زخمیوں کی آمد کی تصدیق کی ہے

June 7, 2026 · قومی

سپلائی بازار راولاکوٹ میں کالعدم قرار دی گئی عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران جھڑپوں اور شیلنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ بعض شرپسندوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران علاقے میں کشیدگی پیدا ہو گئی جبکہ زخمی افراد کو فوری طور پر سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع نے12 زخمیوں کی آمد کی تصدیق کی ہے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تاہم اس حوالے سے سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران کچھ افراد کو حراست میں لینے کی بھی خبریں سامنے آئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے گرفتاریوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس حکام نے تاحال اس کارروائی سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔