مری۔ ایبٹ آباد کے کئی علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل

آزادکشمیر میں امن و امان کی صورتحال کے باعث کئی علاقے زد میں اگئے۔عوام کو مشکلات

June 8, 2026 · قومی

آزاد کشمیر میں کشیدگی کے پیش نظر دریائے جہلم کے اس پار مری اور گرد و نواح میں بھی انٹرنیٹ سروس گزشتہ تین روز سے معطل ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی سے مظفرآباد جاتے ہوئے دریائے جہلم کے ایک طرف آزاد کشمیر کے علاقے راولا کوٹ، باغ سے لے کر مظفرآباد تک آتے ہیں، تو دریا کی دوسری جانب اوسیا،دیول ، روات سمیت مری کے کئی دیہات اور ایبٹ آباد سرکل بکوٹ ، یوسی بیروٹ سمیت خیبرپختونخوا کے متعدد علاقے واقع ہیں جو آزاد کشمیر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کے حوالے سے جب بھی موبائل یا انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا مرحلہ آتا ہے تو مری اور ایبٹ آباد کے مذکورہ علاقے بھی اس کی زد میں آ جاتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہی اور باہمی رابطوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔