قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ملتوی۔ اہم فیصلے کل متوقع

حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے نہ ہو سکے

June 8, 2026 · قومی

وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت قومی اقتصادی کونسل کا آج ہونے والا اہم اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس اب کل (منگل) کو منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے قومی ترقیاتی بجٹ، وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) اور صوبوں کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جانی ہے۔ اس کے علاوہ نئے مالی سال کے لیے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو کا ہدف بھی زیر غور آئے گا۔

وزارتِ منصوبہ بندی کے ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے قومی ترقیاتی بجٹ کا حجم 4 ہزار ارب روپے سے زائد رکھنے اور جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 4 فیصد مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

قومی اقتصادی کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی رکن ہیں اور اجلاس میں اہم اقتصادی و ترقیاتی فیصلوں کی منظوری دی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بعض معاملات پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث اجلاس آج منعقد نہیں ہو سکا، جبکہ اب اسے منگل کے روز بلائے جانے کا امکان ہے۔