محرم الحرام:پنجاب میں سیکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز طلب
محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے
لاہور: پنجاب حکومت نے ماہِ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کر لی ہیں۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس میں صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے اضافی نفری فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق فوج اور رینجرز کے دستے جلوسوں، مجالس اور دیگر اہم مقامات پر سیکیورٹی انتظامات میں معاونت فراہم کریں گے تاکہ عزاداری کے پروگرام پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست پنجاب پولیس کی سفارش پر کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق صوبے کے 39 اضلاع میں مجموعی طور پر 137 کمپنیوں کی خدمات مانگی گئی ہیں، جن میں پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں شامل ہیں۔
صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔