پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان انتخابات مسترد کر دیئے
پارٹی کے پاس بعض حلقوں کے فارم 47 موجود ہیں، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی جماعت 8 نشستوں پر واضح برتری حاصل کر رہی تھی
اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج اور وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت ان انتخابات کو “جعلی اور دھاندلی زدہ” قرار دیتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حلف برداری کے دن گلگت بلتستان میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق پارٹی کے پاس بعض حلقوں کے فارم 47 موجود ہیں، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی جماعت 8 نشستوں پر واضح برتری حاصل کر رہی تھی اور نتائج میں ردوبدل کیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی عمل کے دوران مبینہ طور پر ووٹوں میں ہیرا پھیری کی گئی اور بعض امیدواروں کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی، جو جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔
پی ٹی آئی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ وہ انتخابی عمل کے خلاف جلد وائٹ پیپر جاری کرے گی اور اس معاملے پر احتجاجی لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔