ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار۔شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو مزید چند روز جاری رہنے کی پیش گوئی کردی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی شدید گرمی اور خشک موسم برقرار رہے گا، جبکہ ہیٹ ویو کی موجودہ لہر 12 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر سبّی میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دادو اور جیکب آباد میں پارہ 48 ڈگری تک پہنچ گیا، جبکہ تربت اور موہنجو داڑو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح سکھر، نواب شاہ اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری، جبکہ ملتان اور بہاولپور میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری، پشاور میں 42، اسلام آباد اور مظفرآباد میں 40، کراچی اور کوئٹہ میں 37 جبکہ گلگت میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ شدید گرمی کی لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔