سندھ حکومت کا ٹرانسپورٹرز کے لیے ون ونڈو فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ

حکومت کا ہدف ہے کہ 30 جون 2026 تک زیادہ سے زیادہ کمرشل اور مال بردار گاڑیوں کو ڈیجیٹل اور آٹومیشن نظام میں شامل کیا جائے

June 9, 2026 · قومی

کراچی: حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹرز کو سہولت فراہم کرنے کے لیے نیو سبزی منڈی میں خصوصی ون ونڈو فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ اس فیسلیٹیشن ڈیسک کا مقصد کراچی آنے والی مال بردار گاڑیوں کو روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کے اجرا اور تجدید کی سہولت ایک ہی جگہ فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ 30 جون 2026 تک زیادہ سے زیادہ کمرشل اور مال بردار گاڑیوں کو ڈیجیٹل اور آٹومیشن نظام میں شامل کیا جائے تاکہ قانونی تقاضوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز کو بہتر اور بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق نیو سبزی منڈی میں قائم ہونے والا یہ فیسلیٹیشن ڈیسک آئندہ ہفتے کے دوران مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے عملہ تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز کی آگاہی کے لیے بینرز اور عوامی نوٹسز بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوامی خدمات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کے وژن پر تیزی سے عمل پیرا ہے۔ اس منصوبے سے ٹرانسپورٹرز کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی جبکہ روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا میں شفافیت اور رفتار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے وقت اور اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ نظام مزید منظم اور جدید بنایا جا سکے گا۔