ایکشن کمیٹی اور بھارت میں مبینہ رابطہ بے نقاب،وڈیو سامنے آگئی

افغانستان سے سرگرم خارجی شہزاد کی کالعدم ایکشن کمیٹی سے روابط بے نقاب

June 9, 2026 · قومی

فائل فوٹو

افغانستان میں فتنۃ الخوارج اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کیلئے سرگرم خارجی شہزاد کے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے روابط منظر عام پر آ گئے ہیں۔

خارجی شہزاد کی ویڈیو اور آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ افغانستان سے مبینہ طور پر بھارتی تحریر کردہ بیانیہ پڑھ کر کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو ہدایات دے رہا ہے۔

وڈیو میں خارجی شہزاد کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی احتجاج کے ذریعے آزادی حاصل کرنا چاہتی تھی جو ان کا حق ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے ریاست کے حوالے سے آئندہ پیش رفت اور اس کے اثرات جلد سامنے آنے کا بھی ذکر کیا۔مزید یہ کہ خارجی شہزاد کی کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما کے ساتھ آڈیو کال بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں وہ بدامنی پھیلانے اور انتخابات ملتوی کرنے کی بات کر رہا ہے۔

آڈیو لیک کے مطابق خارجی شہزاد آزاد کشمیر میں شرپسندی کے لیے کارکنوں کو جمع کرنے کی ترغیب بھی دے رہا ہے، انتخابات کے انعقاد کی مکمل مخالفت اور انہیں کسی صورت نہ ہونے دینے کی بات بھی کی گئی ہے۔

گفتگو میں مزید کہا گیا کہ عسکریت اور طاقت کے ذریعے کشمیر کی فوج بحال کر کے آزادی اور دیگر معاملات میں تمام کشمیریوں کو شامل کرنا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق لڑکھڑاتی آواز میں بھارتی تحریر کردہ بیان سے واضح ہوتا ہے کہ بدامنی اور انتشار کے عزائم بھارتی پشت پناہی سے کیے جا رہے ہیں۔ خارجی شہزاد کی بھارتی ایما پر پرتشدد کارروائیوں کی حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کا فیصلہ درست ہے۔

ماہرین کے مطابق فتنہ الخوارج کو بھارت کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے، اور اس کی کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت سے بھارت کا مکروہ چہرہ سامنے آ گیا ہے۔ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت میں فتنہ الخوارج کی اعلانیہ صف بندی آزاد کشمیر میں بھارتی عزائم کی ناکامی پر اس کی بے چینی کا واضح ثبوت ہے۔