دیہی خواتین کیلئے خوشخبری،’شی تھریڈز‘ پروگرام کیلئے 31 کروڑ روپے مختص
پروگرام میں صوبے کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی 18 سے 45 سال عمر کی خواتین شرکت کر سکتی ہیں
پنجاب حکومت نے دیہی خواتین کی معاشی ترقی اور فنی مہارتوں میں اضافے کے لیے ’شی تھریڈز‘ پروگرام کے تحت 31 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کر دیے ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد خواتین کو ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ جدید ہنر سکھا کر روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
پروگرام میں صوبے کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی 18 سے 45 سال عمر کی خواتین شرکت کر سکتی ہیں۔ تربیت کے دوران شرکاء کو ماہانہ وظیفے کے ساتھ سفری اخراجات کی مد میں ٹرانسپورٹ الاؤنس بھی دیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اس منصوبے کے تحت ٹیکسٹائل اور گارمنٹس انڈسٹری سے متعلق مختلف پیشہ ورانہ کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں سلائی مشین آپریشن، فیبرک انسپکشن، کٹنگ، کوالٹی کنٹرول، پیٹرن میکنگ، مرچنڈائزنگ اور دیگر شعبے شامل ہیں۔
حکام کے مطابق لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور شیخوپورہ میں جاری تربیتی مراکز کے ذریعے گزشتہ دو برسوں میں ہزاروں خواتین تربیت حاصل کر چکی ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں خواتین کو تربیت مکمل ہونے کے بعد ملازمتیں بھی حاصل ہوئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ایک ہزار سے زائد خواتین مختلف کورسز میں زیر تربیت ہیں، جبکہ آئندہ مرحلے میں مزید سینکڑوں خواتین کو پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ہنرمند خواتین نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت میں کردار ادا کر سکتی ہیں بلکہ ملکی معیشت کی ترقی میں بھی اہم حصہ ڈال سکتی ہیں۔