کراچی میں گیس شیڈول پر عملدرآمد نہ ہونے سے شہری پریشان
حکومت کی جانب سے صبح 6 بجے سے 10 بجے تک گیس کی فراہمی کا شیڈول مقرر کیا گیا ہے، تاہم مختلف علاقوں میں اس پر مکمل طور پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
کراچی میں گیس کی فراہمی کے اوقات کار پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے صبح 6 بجے سے 10 بجے تک گیس کی فراہمی کا شیڈول مقرر کیا گیا ہے، تاہم مختلف علاقوں میں اس پر مکمل طور پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
صارفین کے مطابق کئی علاقوں میں گیس کی فراہمی تاخیر سے شروع ہوتی ہے اور بعض مقامات پر صبح 7 بجے تک ہی بحال کی جاتی ہے، جس سے روزمرہ کے امور متاثر ہو رہے ہیں۔
اسی طرح شکایات یہ بھی سامنے آئی ہیں کہ کچھ علاقوں میں گیس مقررہ وقت یعنی 10 بجے کے بجائے ساڑھے 9 بجے ہی بند کر دی جاتی ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، جس کی وجہ سے خصوصاً گھریلو صارفین اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس فراہمی کے اوقات کار پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو۔