قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے،اہم بل منظوری کے لیے پیش ہوں گے

وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا جبکہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا ہے

June 10, 2026 · قومی

قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے طلب کر لیا گیا ہے جس کا باقاعدہ ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اسی روز سینیٹ کا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا جبکہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اکنامک سروے 11 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں مختلف اہم امور زیر غور آئیں گے جن میں دو بلوں کی منظوری بھی شامل ہے۔ اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی جائیں گی۔

اجلاس میں وقفہ سوالات کے ساتھ ساتھ دو توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ ان نوٹسز میں ملک میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے کیسز میں اضافے اور کوئٹہ کے کسٹمز گودام میں حالیہ آتشزدگی کے واقعے پر حکومت سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

ایجنڈے کے مطابق جن بلوں کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا ان میں انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن ترمیمی بل اور اسلام آباد میں نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن و ضوابط سے متعلق ترمیمی بل شامل ہیں۔

پارلیمانی حلقوں کے مطابق اجلاس میں اہم قومی امور اور قانون سازی پر پیش رفت متوقع ہے۔