انمول پنکی کیس:پولیس نے عبوری چالان عدالت میں جمع کرا دیا

ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے بھی چالان میں بعض قانونی و تکنیکی غلطیوں کی نشاندہی کی ہے۔

June 10, 2026 · قومی

کراچی میں منشیات اور قتل سے متعلق مقدمات میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے کیسز میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

سیشن عدالت جنوبی میں گاڑدن تھانے میں درج منشیات کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران عدالت نے ملزمہ کے مبینہ سہولت کاروں کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ مؤخر کر دیا۔ عدالتی ذرائع کے مطابق فیصلہ جج کی رخصت کے باعث آئندہ تاریخ تک ملتوی کیا گیا ہے۔

قبل ازیں ملزمان سہیل الرحمان اور ذیشان کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا مؤکل مبینہ طور پر انمول عرف پنکی کے کسی بھی غیر قانونی عمل میں ملوث نہیں۔

دوسری جانب قتل کے ایک مقدمے میں پولیس نے عدالت میں عبوری چالان جمع کرا دیا ہے۔ چالان میں مدعی مقدمہ، لاش کا معائنہ کرنے والے اہلکار، ایمبولینس ڈرائیور اور ایف آئی آر درج کرنے والے پولیس اہلکار کو گواہ شامل کیا گیا ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق عبوری چالان میں موجود بعض خامیوں کو حتمی رپورٹ میں درست کیا جائے گا، جبکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے بھی چالان میں بعض قانونی و تکنیکی غلطیوں کی نشاندہی کی ہے۔

یاد رہے کہ 7 اپریل کو بغدادی کے علاقے سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بارے میں ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ وہ منشیات کے استعمال سے ہلاک ہوا اور اس کا تعلق مبینہ طور پر انمول عرف پنکی سے ہو سکتا ہے۔