خطے میں استحکام کے لیے سفارتکاری ہی بہترین راستہ ہے،رانا ثناء اللہ
ملاقات میں پاک۔امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ اور تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مشیر برائے وزیر اعظم رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ہمیشہ ترجیح دیتا رہا ہے اور آئندہ بھی اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے وزیر مشیر برائے سیاسی امور ٹیری سٹیئرز گونزالیز سے ملاقات کے دوران پاک۔امریکہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی امن کے لیے سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ امریکی نمائندے نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے گفتگو میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کا راستہ اپنایا ہے۔ ان کے مطابق پاک۔امریکہ تعلقات میں استحکام نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں امن اور ترقی کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری خطے کے روشن اور پرامن مستقبل کی ضمانت ہے۔
ملاقات میں پاک۔امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ اور تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔