تربت میں صحت کے شعبے میں بڑی پیش رفت، نیا ہسپتال فعال

ہسپتال میں خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی شعبہ بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں تربیت یافتہ عملہ جدید طبی آلات کے ساتھ خدمات انجام دے گا۔

June 10, 2026 · قومی

تربت میں عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 120 بستروں پر مشتمل ایف سی ہسپتال کو مکمل کر کے باقاعدہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے تعاون سے قائم اس جدید ہسپتال میں 24 گھنٹے ایمرجنسی اور ٹراما کیئر سروسز دستیاب ہوں گی، جبکہ مریضوں کو سی ٹی اسکین، ایم آر آئی، الٹراساؤنڈ اور دیگر جدید تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ہسپتال میں خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی شعبہ بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں تربیت یافتہ عملہ جدید طبی آلات کے ساتھ خدمات انجام دے گا۔

ذرائع کے مطابق ہسپتال میں جنرل میڈیسن کے ساتھ ساتھ نیورو سرجری سمیت مختلف شعبہ جات میں ماہر ڈاکٹرز خدمات انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ جدید آپریشن تھیٹرز بھی فعال کیے گئے ہیں۔

ہسپتال میں آکسیجن جنریشن پلانٹ، 1.1 میگاواٹ پاور بیک اپ سسٹم اور عالمی معیار کے مطابق صفائی اور انفیکشن کنٹرول کا جدید نظام بھی نصب کیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے اس منصوبے کو صحت کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے اقدامات کو سراہا ہے۔