رقم جمع کرانے والے شہری سے 5 کروڑ بینک ملازمین نے ہتھیا لیے

متاثرہ شہری رقم جمع کرانے کے لیے بینک پہنچا تھا، جہاں دو بینک ملازمین نے رقم وصول کی

June 10, 2026 · قومی

لاہور کے علاقے رنگ محل میں بینک کے اندر مبینہ فراڈ کا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شہری سے 5 کروڑ روپے ہتھیانے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شہری رقم جمع کرانے کے لیے بینک پہنچا تھا، جہاں دو بینک ملازمین نے رقم وصول کی، تاہم بعد ازاں رقم بینک ریکارڈ میں جمع نہ ہوئی اور دونوں ملازمین مبینہ طور پر فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے قبضے سے 3 کروڑ روپے بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا واردات میں مزید افراد بھی ملوث تھے یا نہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ باقی رقم کی برآمدگی اور دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق شہری بینک میں قانونی طور پر رقم جمع کرانے آیا تھا، تاہم مبینہ طور پر اعتماد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رقم غبن کی گئی۔ واقعے کے بعد بینکنگ سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔