جھنگ،18 سالہ لڑکی کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی،اہم انکشافات
لڑکی کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال چھوڑ کر جانے والے چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔
جھنگ: دورانِ علاج انتقال کر جانے والی 18 سالہ لڑکی کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں تشدد یا جنسی زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق لڑکی کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم طبی امداد کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکی۔ واقعے کے بعد قانونی کارروائی کے تحت پوسٹ مارٹم کیا گیا، جس کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متوفیہ شوگر کی مریضہ تھی اور گزشتہ پانچ برس سے انسولین استعمال کر رہی تھی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق لڑکی جب ضلعی اسپتال لائی گئی تو وہ بے ہوش تھی۔
موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے ضروری نمونے فرانزک تجزیے کے لیے لاہور بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ حتمی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال چھوڑ کر جانے والے چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ متوفیہ کے اہل خانہ نے واقعے کے حوالے سے اغوا اور زیادتی کے الزامات عائد کیے تھے، تاہم ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ایسے شواہد سامنے نہیں آئے۔