آزاد کشمیر میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر تباہ تمام افراد شہید
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں
مظفر آباد میں ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد لی گئی تصویر
مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا، جب آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر اچانک فنی خرابی کا شکار ہو کر گر گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار کوئی بھی اہلکار زندہ نہ بچ سکا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے، جو واقعے کے تمام تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔
پاک فوج کی قیادت اور تمام رینکس نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔