خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، کا الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے نے 13 جون تک مختلف اضلاع میں موسمی پیشگوئی جاری کر دی
فائل فوٹو
پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل سے 13 جون کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی خطرہ لاحق ہے، جس کے باعث کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستے فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے اقدامات کریں، جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دے سکتے ہیں۔