کراچی: 2 ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کی موت کا معمہ حل ، پولیس اہلکار دُلہن گرفتار
ملزمہ دعا نے اپنے سابق شوہر کے ساتھ مل کر حمزہ کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
فائل فوٹو
کراچی: اورنگی ٹاؤن دس نمبر کے علاقے میں دو ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والے نوبیاہتا نوجوان حمزہ کی پراسرار موت کا معمہ پولیس نے حل کر لیا ہے۔ جسے ابتدائی طور پر خودکشی سمجھا جا رہا تھا، وہ دراصل ایک بے رحمانہ اور منصوبہ بند قتل نکلا ہے۔
پولیس نے اس لرزہ خیز واقعے میں ملوث مقتول کی بیوی دعا کو گرفتار کر لیا ہے جو خود بھی ایک پولیس اہلکار ہے، جبکہ واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی ناکام کوشش کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ دعا نے اپنے سابق شوہر کے ساتھ مل کر حمزہ کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا تھا۔مقتول کے منہ میں پہلے کپڑے کا موزا ٹھونسا گیا تاکہ وہ شور نہ مچا سکے، اس کے بعد اس کے ہاتھ مضبوطی سے باندھے گئے اور پھر بے دردی سے گلا دبا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
ملزمان نے جرم چھپانے کے لیے لاش کو پنکھے سے لٹکا دیا تاکہ دنیا کو یہ لگے کہ حمزہ نے خودکشی کی ہے، تاہم پولیس نے روایتی تفتیش کی مدد سے سچائی کا پتہ لگا لیا۔
مومن آباد پولیس نے مقتول حمزہ کے والد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔