شیخ بانڈہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی،دو دہشت گرد ہلاک،ایک افغانی نکلا

ہلاک افراد کے قبضے سے اسلحہ، خودکش جیکٹ، غیر ملکی کرنسی اور شناختی دستاویزات برآمد ہوئیں۔

June 11, 2026 · قومی

مہمند کے پہاڑی علاقے شیخ بانڈہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دو مبینہ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک غیر ملکی شہری بھی شامل ہے جس کی شناخت افغان شہری عمر بلال کے نام سے کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی 4 جون 2026 کو کی گئی، جس کے دوران ہلاک افراد کے قبضے سے اسلحہ، خودکش جیکٹ، غیر ملکی کرنسی اور شناختی دستاویزات برآمد ہوئیں۔

سکیورٹی حکام کے مطابق برآمد ہونے والی دستاویزات میں افغان شناختی کارڈ بھی شامل ہے، جس کی بنیاد پر غیر ملکی شہری کی شناخت کی گئی۔

دفاعی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات سرحد پار دہشت گردی سے متعلق خدشات کو مزید تقویت دیتے ہیں۔ پاکستان اس سے قبل بھی بین الاقوامی سطح پر یہ مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ دہشت گرد عناصر افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں۔

سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے آپریشنز اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔